فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضی پر قبضہ کی کوشش

لینڈ گرابر گرفتار ، غریب خاتون کی شکایت پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضیات پر قبضہ کے واقعات میں ان دنوں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ ایک ایسے واقعہ میں پہاڑی شریف پولیس نے ایک شخص کو لینڈ گرابنگ میں گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر پہاڑی شریف مسٹر چلاپتی نے بتایا کہ حبیب النساء بیگم نامی خاتون کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات کے بعد عیسی بن ابوبکر سعدی ساکن بارکس کو لینڈ گرابنگ ایکٹ کے تحت گرفتار کرتے ہوئے کارروائی انجام دی ۔ انہوں نے بتایا کہ عیسی نے فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے اس غریب خاتون کی اراضی پر ناجائز قبضہ کا منصوبہ تیار کرلیا تھا اور قبضہ کرلیا تھا ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنادیا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ اس خاتون نے سال 2006 میں اراضی خریدی تھی ۔ یہ اراضی شاہین نگر کے علاقہ شاہ ہلز میں واقعہ ہے ۔ اس خاتون نے ایک کمرہ تعمیر کیا تھا اور کافی عرصہ تک یہاں تھی بعد ازاں یہ خاتون شوہر کی صحت کے مسئلہ پر یاقوت پورہ منتقل ہوگئی تھی اور کرایہ دار کو رکھا تھا تاہم پانی کے مسئلہ سے کرایہ دار بھی چلا گیا ۔ اور اراضی و مکان کو خالی دیکھ کر لینڈ گرابرس نے اپنے ناپاک عزائم کو انجام دیا ۔ عیسی پر الزام ہے کہ اس نے 7 افراد کے لینک ڈاکومنٹ تیار کروائے اور سب کے سب نوٹری پر موجود تھے ۔ پولیس نے بغیر کسی دباؤ کے جامع تحقیقات کرتے ہوئے عیسی بن ابوبکر سعدی کو گرفتار کرلیا ۔ تاہم پولیس کے لیے اب بھی ایک سوال چیالنج بنا ہوا ہے کہ آیا یہ فرضی دستاویزات کہاں تیار کئے گئے اور کس نے اسے تیار کیا ۔ فرضی دستاویزات کو تیار کرنے والا تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ پولیس کو چاہئے کہ وہ فرضی دستاویزات تیار کرنے والے کو منظر عام پر لائے اور اس کے خلاف کارروائی کرے ۔۔