فرضی بینک گیارنٹی فراہم کرنے پر دھوکہ بازگرفتار

حیدرآباد ۔ /29 اگست (سیاست نیوز) فرضی بینک گیارنٹی فراہم کرنے کے الزام میں سنٹرل کرائم اسٹیشن سی سی ایس پولیس نے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سمیت اگروال جو خود کو ایل این زوری کمپنی کا سی ای او اور صدر ظاہر کرتے ہوئے کیوری اوریمین کمپنی لمیٹیڈ کے ذمہ داران کو یہ یقین دلایا کہ وہ کروڑہا روپئے کی بینک گیارنٹی فراہم کرسکتا ہے جس کے ذریعہ کیوری اوریمین کمپنی اے پی جینکو سے کوئلہ حاصل کرسکتی ہے ۔ دھوکہ بازوں کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے کمپنی کے ذمہ داران نے ان کے فرضی بینک کھاتوں میں 92 لاکھ منتقل کئے ۔ سمیت اگروال نے اپنے دو ساتھیوں گویند یشونت سالگونکر اور سنجیو کوٹھاری کی مدد سے دھوکہ بازی میں ملوث ہوا ۔ سی سی ایس پولیس نے سابق میں گرفتار کئے گئے دو ملزمین کی اطلاع پر سمیت اگروال کو کولکتہ سے گرفتار کرتے ہوئے شہر منتقل کیا اور بعد ازاں اسے جیل بھیج دیا گیا ۔