حسین ساگر میں 5 تا 17 جولائی مختلف نوعیت کے کشتی رانی مقابلوں کا انعقاد
حیدرآباد ، 5 جولائی ( سیاست نیوز ) نئی ریاست تلنگانہ کیلئے یہ فخریہ معاملہ ہے کہ ہندوستان کی اولین اسٹیٹ لیول سیلنگ چمپئن شپ کا انعقاد عمل میں لارہی ہے۔ یہاں حسین ساگر جھیل میں منعقد ہونے والے مختلف مقابلوں کے ساتھ اِس مرتبہ سیلنگ کیلنڈر یوں ہے:
تلنگانہ اوپن جونیر چمپئن شپ 5 تا 7 جولائی لیزر کلاس میں ہوگی۔ تلنگانہ اوپن سب جونیر چمپئن شپ 10 تا 13 جولائی آپٹیمسٹ کلاس میں رہے گی۔ مانسون ریگاٹا آپٹیمسٹ چمپئن شپ اور اومیگا نیشنلز 14 تا 17 جولائی مقرر ہیں۔
اس کھیل کو محض انٹر کلب اسپورٹ سے فروغ دیتے ہوئے انٹر اسٹیٹ نوعیت میں تبدیل کرنے کی کوشش ہورہی ہے تاکہ صرف خاص طبقہ ہی نہ کھیلے بلکہ عام شہریوں کو بھی راغب کیا جاسکے۔ تلنگانہ سیلنگ اسوسی ایشن کے موجودہ سربراہ ارجن ایوارڈ یافتہ اور انڈیا کے پہلے سرکم نیویگیٹر لیفٹننٹ جنرل کے ایس راؤ ہیں، جنھوں نے اس کھیل کو یاٹ کلب آف حیدرآباد کے ساتھ اشتراک میں ریاست کی بنیادی سطح تک پہنچانے کی مہم شروع کی ہے۔ جنرل کے ایس راؤ نے کہا کہ ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ انفراسٹرکچر کو فروغ دیتے ہوئے عام شہریوں کو کشتی رانی سیکھنے کی ترغیب دی جائے اور اِس سال ہم یہ کہتے ہوئے فخر ہورہا ہے کہ ملک کے سرکردہ سیلرز کے علاوہ اس ریاست کے زائد از 30 نوجوان سیلرز بھی تلنگانہ اوپن ریگاٹا 2016ء میں حصہ لیں گے۔ ان نوجوانوں کو یاٹ کلب آف حیدرآباد کی جانب سے چیف کوچ صہیم شیخ کی نگرانی میں کئی ماہ تک بالکلیہ مفت ٹریننگ دی گئی ہے۔ تلنگانہ اوپن میں مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، کیرالا، مدھیہ پردیش اور آندھرا کے بھی سیلرز کی شرکت متوقع ہے۔