فرخ نگر میں بارش سے عیدگاہ کی دیوار منہدم

کنٹراکٹر وانجنیئرس کی لاپرواہی آشکار‘ اقلیتی قائدین کا اظہار برہمی

شادنگر ۔ 8 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر شادنگر اور اس کے اطراف و اکناف میں کل رات کے ابتدائی اوقات میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ تقریبا تین گھنٹے تک جاری رہا جس کی وجہ سے مستقرشادنگر کے فرخ نگر میں واقع عیدگاہ کی 40 سالہ قدیم دیوار کا کچھ حصہ اور جدید تعمیر کردہ دیوار کا کچھ منہدم ہوگیا ۔ واضح رہے کہ رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو نے حکومت تلنگانہ سے نمائندگی کرتے ہوئے عیدگاہ کے پلاٹ فارم تعمیر کرنے کے لئے 43 لاکھ روپئے منظور کروائے ۔ منظور رقم 43 لاکھ روپئے کے کام کو شادنگر بلدیہ نے ٹنڈر طلب کرتے ہوئے تعمیری کام پلاٹ فام (سی سی ) کا حال ہی میں آغاز کیا ۔ اسی دوران مذکورہ تعمیر کا عدالتی رشہ کشی کی وجہ سے تعمیری کام میں خلل پڑا ۔ ٹی آر ایس اقلیتی قائد وسابقہ وارڈ ممبر گرام پنچایت شادنگر سید معظم علی عرف قمر بھائی نے نمائندہ سیاست شادنگر سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ حکومت کی جانب سے منظورہ رقم کے تعمیری کام کو انجام دینے والے کنٹراکٹر کی عدم توجہ و لاپرواہی کی وجہ سے کل رات ہوئی تیز اور ہلکی بارش کی وجہ سے دیوار منہدم ہوگئی ۔ انہوںنے کمشنر بلدیہ شادنگر شرت چندرا ‘ بلدیہ چیرمین شادنگر اگنوروشوم پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پلاٹ فارم ( سی سی ) تعمیری کام انجام دینے والے کنٹراکٹر کو فوری معطل کرنے اور متعلقہ انجنیئرس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ عیدگاہ کی دیوار رات کی بارش کی وجہ سے منہدم ہونے پر مقامی عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔