فرخ نگر منڈل پرجاپریشد کا جنرل باڈی اجلاس

شادنگر ۔ 13ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام اور سرپنچ ایم پی ٹی سی ‘ زیڈ پی ٹی سی انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ فرخ نگر منڈل پرجا پریشد کا جنرل باڈی اجلاس احاطہ بلاک آفس شاد نگر میں ایم پی پی فرخ نگر منڈل شریمتی بوجی نائیک کی صدارت میں انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ فرخ نگر منڈل پرجا پریشد کے جنرل باڈی اجلاس میںفرخ نگر منڈل کے تمام سرپنچوں کے علاوہ ایم پی ٹی سی ‘ زیڈ پی ٹی سی ارکان اور مختلف محکمہ جات کے سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی ۔ فرخ نگر منڈل میں درپیش مختلف مسائل پر غور و فکر کیا ۔ ایم پی ٹی سی رکن نرسمہا ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو بروقت زراعی کھاد فراہم کرنے میں زرعی عہدیدار ناکام ہوگئے ہیں ۔ کسانوں کے متعلق زراعی عہدیداروں کی عدم توجہ پر ارکان نے برہمی کا اظہار کیا ۔ فرخنگر ایم ای او شنکر راتھوڑ نے مخاطب کرتے ہوئے تعلیم اور اسکولس کی ترقی کے متعلق ارکان کو تفصیلات سے واقف کروایا اور اسکولس میں اساتذہ کی خالی جائیدادوں کو پُر کرنے کا تیقن دیا ۔ ایم پی ٹی سی رکن محمد عبدالخالق نے اردو میڈیم اسکولس کے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ مستقر شاد نگر میں واقع اردو میڈیم ضلع پریشد ہائی اسکول میں گذشتہ کئی مرتبہ سرقہ کی واردات پیش آئی ہے ۔ مذکورہ اسکول میں قیمتی کمپیوٹرس اور دیگر اشیاء موجود ہے ۔ اسکول کیلئے نائیک واچ مین اور آیا کے علاوہ اساتذہ کی خالی جائیدادوں کو جلد از جلد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ محمد عبدالخالق نے رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو سے مطالبہ کیا کہ مہاراشٹرا میں جس طرح ایم پی ٹی سی سرپنچ اور زیڈ پی ٹی ارکان کو تنخواہ فراہم کی جارہی ہے اسی طرح جدید تلنگانہ ریاست کے منتخبہ عوامی نمائندوں کو تنخواہ فراہم کرنے کیلئے اسمبلی میں آواز اٹھائیں ۔ چول پلی سرپنچ محمد ادریس نے چول پلی میں واقع اسکول میں انگلش میڈیم بھی شروع کرنے پر زور دیا ۔ نومنتخبہ مختلف ارکان نے کہا کہ دیہی علاقوں میس مکھی اور مچھروں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے اس کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ آئی سی ڈی ایس کے عہدیداروں پر ارکان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاملہ خواتین کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ غذائی اجناس ٹھیک انداز میں نہیں پہنچ رہی ہے ۔ اس موقع پر منتخبہ ارکان نے شکایت کی کہ سرکاری عہدیدار حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اسکیمات کے متعلق آگاہ نہیںکررہی ہے ۔ ارکان نے فرخنگر منڈل تحصیلدار چندرا راؤ سے مطالبہ کیا کہ جاریہ موسم بارش علاقہ میں ناکافی بارش ہوئی جس کی وجہ سے کسان کافی پریشان ہیں ‘ لہذا فرخنگر منڈل کو خشک منڈل قرار دینے کا ارکان نے پُرزور مطالبہ کیا اور اجلاس سے متعلق ذمہ دار ارکان ہی حاضر رہنے پر زور دیا ۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے سرکاری عہدیداروں کو سرکاری اسکیمات سے متعلق عوامی نمائندوں کو واقف کرانے پر زور دیا ۔ دیہی علاقوں میں صاف ستھرا ماحول پیدا کرنے کی ہر ایک کو تلقین کی ۔ حکومتی اسکیمات پر عمل آوری میں کسی بھی طرح کی لاپرواہی پر سرکاری عہدیداروں کو انتباہ دیا ۔ ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل پر خصوصی توجہ مبذول کی ہوئی ہے ۔