ممبئی۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر فرخ انجینئر نے اپنا کندھا زخمی کرلیا ہے اور وہ مانچسٹر سے سفر کرتے ہوئے 11 جنوری کو یہاں بی سی سی آئی کے سالانہ ایوارڈ تقریب میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ بی سی سی آئی کے گیم ڈیولپمنٹ جنرل منیجر پروفیسر رتناکر شیٹی نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فرخ انجینئر نے ہمیں گزشتہ روز مطلع کیا کہ وہ حادثاتی طور پر اپنا کندھا زخمی کربیٹھے ہیں، لہٰذا وہ بی سی سی آئی کی ایوارڈ تقریب میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ 75 سالہ فرخ انجینئر کے علاوہ ان کے وقت کے ساتھی کھلاڑی باپو نڈکرنی اور آنجہانی ایکناتھ سولکر کو بی سی سی آئی کی ایوارڈ تقریب جوکہ باندرا کے مضافات میں واقع ایک ہوٹل میں منعقد شدنی ہے، خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس ایوارڈ تقریب میں ٹیم کے آف اسپنر روی چندرن اشون کو پالی امریگر ایوارڈ کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کو سی کے نائیڈو کارنامہ حیات ایوارڈ دیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم اس ایوارڈ تقریب میں شرکت کے بعد اتوار کی ابتدائی ساعتوں میں نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔
لی نا آسٹریلین اوپن میں خطاب کے لئے پُرعزم
ملبورن۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ چینی کھلاڑی لی نا جنھیں گزشتہ برس آسٹریلین اوپن کے فائنل میں شکست کے بعد آنسو بہانا پڑا تھا اور 2012ء میں بھی انھوں نے نم آنکھوں کے ساتھ فائنل کے بعد میدان چھوڑا تھا، لیکن ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی باری ہے اور وہ سیزن کے پہلے گرانڈ سلام میں خطاب کے لئے پُرعزم ہیں۔ ایشیاء کی نمبر ایک کھلاڑی لی نا جنھوں نے دو مرتبہ ملبورن پارک میں فائنل کھیلا، تاہم دونوں ہی مرتبہ وہ خطاب حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، لیکن ان کا کہنا ہے کہ س مرتبہ وہ ٹرافی حاصل کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ آئندہ ماہ 32 ویں سالگرہ منانے والی لی نا نے کہا کہ کوچ کارلوس روڈریگز کی سرپرستی میں ان کے کھیل کا معیار بلند ہوا ہے۔