لاہور ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے اوپنر عمران فرحت نے طویل عرصے تک نیشنل ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکامی کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں جبکہ وہ سابق کھلاڑیوں کیلئے منعقد ہونے والی ماسٹرز چمپینس لیگ میں شرکت کیلئے یو اے ای جائیں گے۔ فرحت کرکٹ سے کنارہ کشی اعلان کرتے ہوئے جذباتی ہوئے۔ انھوں ن کہا کہ کرکٹ ان کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سابق اوپنر نے کہا کہ وہ پاکستانی ٹیم کے دورۂ زمبابوے سے اہلیہ کے بیمار ہونے کے باعث دستبردار ہوئے تھے جس کے بعد نیشنل ٹیم میں اُن کی واپسی کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کردیئے گئے۔ لاہور کے 33 سالہ کرکٹر نے 40 ٹسٹ، 58 او ڈی آئی اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔
اسکولی طالبات کیلئے بنت المسلم
اسپورٹس ڈے 2016ء کا انعقاد
حیدرآباد ، 28 جنوری (پریس نوٹ) مسلم گرلز اسوسی ایشن انڈیا کی جانب سے اسکولس کی طالبات کیلئے ’بنت المسلم اسپورٹس ڈے 2016ء‘ کا انعقاد 3 اور 4 فبروری کو یہاں قلی قطب شاہ اسٹیڈیم، نزد سٹی کالج میں صبح 9:00 بجے سے عمل میں لایا جارہا ہے۔ پہلے روز مختلف اسکولس کی طالبات کیلئے انفرادی ایونٹس، ٹیم ایونٹس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔ اسپورٹس ڈے کے دوسرے دن اسکولی طالبات مارچ پاسٹ کے ذریعے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ پیش کریں گی۔ اس کے بعد ڈرل، ڈسپلے اور فارمیشنس وغیرہ پیش کئے جائیں گے۔ اسکولس کی طالبات کیلئے آر ٹی سی بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس ایونٹ میں حصہ لینے کے خواہش مند اسکول مینجمنٹ فون نمبر 66632673 یا 7702128642 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔