فرحانہ جیکٹ کی عدم دستیابی کے بعد گولڈ میڈل سے محروم

گلاسگو۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )کامن ویلتھ گیمس کی نشانہ بازی کے مقابلوں کی چیمپئن نور آیونی فرحانہ عبدالحلیم گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمس میں اپنی جیکٹ کھو جانے کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکیں گی۔ملائیشیا کی نشانہ باز کا سامان بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے وہ مقابلوں سے قبل مقررہ وقت تک اپنی رجسٹریشن نہیں کروا سکیں۔آیونی نے نئی دہلی میں 2010 میں دس میٹر فاصلے کی ایئر رائفل شوٹنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جبکہ وہ گلاسگو کے مقابلوں میں دس میٹر ائیر رائفل اور 50 میٹر رائفل شوٹنگ میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتی تھیں۔ان کی ٹیم منیجر موسی عمر نے کہا ہے کہ یہ ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ان مقابلوں کے قواعد و ضوابط کے تحت نشانہ باز کا جیکٹ پہننا لازمی ہے۔موسی عمر کے بموجب ہم نے کسی سے ایک جیکٹ لی لیکن وہ ان کو پوری نہیں آئی۔ ہم نے نئی جیکٹ بنانے کی کوشش کی لیکن اسے پہن کر نشانہ لگانے کی عادی ہونے کے لئے انھیں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار تھا۔آیونی انتہائی مایوسی کی حالت میں فوری طور پر ملائیشیا واپس لوٹ جانا چاہتی تھیں لیکن بڑی مشکل سے انھیں اپنے ساتھی ایتھلیٹوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے وہاں رہنے پر آمادہ کیا گیا۔