برازیلیا۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں فرانس 2006 کے بعد پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے جہاں اس کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔برازیلیا میں کھیلے گئے میچ کے لئے فرانس کی ٹیم میں 6 جبکہ نائجیریا کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا اور فرانسیسی اور نائجیریا کے فارورڈز نے مخالف گول پر کئی اچھے حملے کئے۔20ویں منٹ میں نائجیریا کے امینوئل امینیک گول کرنے میں کامیاب رہے لیکن ان کی یہ کوشش ریفری نے انھیں آف سائیڈ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔اس کے بعد بھی دونوں ٹیموں کی کئی اچھی کوششیں گول میں تبدیل نہ ہو سکیں اور پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں نائجیریا کے ٹیم نے فرانسیسی ٹیم کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جس میں وہ وقتی طور پر کامیاب بھی ہوئے۔
تاہم جلد ہی فرانسیسی ٹیم سنبھل گئی اور اس نے جوابی حملے شروع کر دئے جن کے سامنے نائجیریا کا دفاع مشکل میں دکھائی دیا۔اس دوران نائجیرین گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے لیکن فرانسیسی ٹیم کی کوششیں 79ویں منٹ میں اس وقت رنگ لائیں جب ایک کارنر پر پال پوگبا ایک اچھے ہیڈر کی مدد سے گیند نائجیرین گول میں پہنچانے میں کامیاب رہے۔برتری حاصل کرنے کے باوجود فرانسیسی ٹیم نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اضافی وقت میں 91ویں منٹ کے دوران اپنی برتری دوگنی کر لی۔یہ گول نائجیریا کے جوزف یوبو کا ’اون گول‘ تھا اور فرانس کے گریزمین کی کک ان سے ٹکرا کر نائجیریا کے گول میں گئی۔فرانس کی دو گول کی برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی اور فرانس ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی افریقی ملک کی ٹیم کو شکست دینے میں کامیاب رہا۔