شنگھائی۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)باورچی خانے کی مصنوعات بنانے والی چینی کمپنی کو ورلڈ کپ میں فرانس کی کامیابی پر اب تک 9 ملین ڈالرز کا نقصان ہوچکا ہے چونکہ چینی کمپنی نے اپنے خریداروں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر فرانس ورلڈ کپ جیت گیا تو وہ انھیں اشیا کی خریداری کے لیے ادا کی گئی رقم واپس کرے گی یا تحائف دے گی، جس کی مد میں وہ اب تک 9 ملین ڈالرز واپس لوٹاچکی ہے۔چینی کمپنی ویٹی نے میگا ایونٹ میں فرنچ ٹیم کو اسپانسر بھی کیا تھا۔ کمپنی کے جاری کردہ حالیہ اعداد وشمار کے مطابق وہ اب تک 62 ملین یان سے زائد مالیت کے گفٹ کارڈز یا نقد رقم گاہکوں کو واپس کرچکے ہیں تاہم یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے، ابھی بھی ادائیگیوں کا ایک حصہ باقی ہے، مجموعی واپس کی جانے والی رقم ممکنہ طورپر 12 ملین ڈالر کے قریب ہوگی۔کمپنی ترجمان کے مطابق واپس کی جانے والی رقم خاصی بڑی ہے لیکن یہ ہمارے سالانہ بجٹ میں شامل تھی۔