فرانس کے فٹبالرس کیلئے اعلیٰ ترین اعزازکا اعلان

پیرس ۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )فرانس نے صدارتی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے 2018 کا فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو ملک کے سب سے بڑے اعزاز ’’لیجن آف آنر‘‘ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔روس کے شہر ماسکو میں کھیلے گئے فائنل میں فرانس نے کروشیا کو 2-4 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔اس سے قبل 1998 میں فرانس نے اپنی سرزمین پر منعقدہ ورلڈکپ کے فائنل میں برازیل کو شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔اس وقت ڈائیڈیئر ڈیشمپ کی کپتانی میں عالمی چیمپیئن بننے والی ٹیم کو بھی اس وقت کے فرانسیسی صدر جیکس چیراک نے ملک کے سب سے بڑے اعزاز سے نوازا تھا۔1998 میں ٹیم کی قیادت کرنے والے ڈائیڈیئر اس وقت 2018 کی عالمی چیمپیئن ٹیم کے کوچ ہیں لہٰذا اب ان کو ایک اور اعزاز ملنے کے بعد ترقی دے کر ‘لیجن نائٹ’ کی جگہ آفیسر کا عہدہ دیا جائے گا۔’’لیجن آف آنر‘‘ فرانس کے لیے مختلف شعبوں میں منفرد اور نمایاں خدمات انجام دینے پر دیا جاتا ہے۔دوسری جانب ورلڈ کپ جیتنے پر فرانس کی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں ہزاروں افراد دارالحکومت پیرس کی مرکزی شاہراہ پر ٹیم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ٹیم ورلڈکپ ٹرافی کے ہمراہ ایرپورٹ سے پریڈ کر کے پیرس کے مرکزی اور تاریخی مقام چیمپس ایلے سیس پہنچی جس کے بعد ٹیم صدرارتی محل میں صدر میکرون ان کی بیوی سے ملاقات کی۔فٹ بال کی عالمی چیمپئن فرانسیسی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے جن کا وطن واپسی پر شانداراستقبال کیا گیا۔ اس موقعے پر سڑکوں پر لوگوں کا جم غفیر موجود تھا جبکہ فٹبال ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نہ صرف پریڈ کی گئی بلکہ ایر شو بھی پیش کیا گیا۔ایر شو کے دوران جہازوں نے فرانسیسی پرچم کے رنگ فضاوں میں بکھیر دئیے جبکہ طیاروں کی گھن گرج نے سب سے سَر فخر سے بلند کر دئیے۔شائقین نے قطاریں بناکر کھلاڑیوں کا استقبال کیااور اپنے ہیروز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ ٹیم کو ایوان صدر کی جانب سے بھی استقبالیہ بھی دیا گیا کھلاڑیوں نے بس میں سوار ہوکر شہر کا دورہ کیا۔