فرانس دوسری مرتبہ ورلڈکپ خطاب کیلئے پرعزم:کوچ

سینٹ پیٹرز برگ۔14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے فائنل میں پہنچنے وا لی فرانس کی ٹیم کے منیجر ڈیڈیئر ڈیشامپ نے کہا ہے کہ ہم نے درست موقع پر عروج پایا۔ فرنچ ٹیم کو فیفا ورلڈکپ کے ابتدائی میچز میں واجبی کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ فرانس نے بمشکل دوسرے راونڈ میں جگہ بنائی لیکن اس کے بعد کارکردگی بہتر ہوتی گئی۔ ہماری تیاری بہترین تھی، میرے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا زبردست گروپ ہے۔ پلیئرز نے اپنا اپنا کردار بخوبی ادا کیا۔ 2016 یورو چیمپیئن شپ کے فائنل میں پرتگال کے خلاف شکست کو قبول کرنا مشکل تھا۔ہم نہیں چاہتے دوبارہ ایسا ہو۔ فیفا ورلڈکپ کا اختتام بہترین طریقے سے کرنا چاہتے ہیں۔ڈیشامپ کیلئے اتوار کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا۔ وہ 1998 ء میں عالمی چیمپیئن بننے والی فرنچ ٹیم کے کپتان تھے اور اب ان کی کوچنگ میں فرانس اس اعزاز سے ایک فتح کی دوری پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اس قدر پرعزم ہیں کہ راہ میں کوئی پہاڑ بھی آجائے تو اسے ہٹا دیں گے ۔کھلاڑیوں نے ٹورنمنٹ میں سست ہی سہی لیکن بروقت اپنی رفتار تیز کرلی ہے۔