فرانسیسی پراسکیوٹرز اولمپکس بولیوں کی تحقیقات کریں گے

پیرس ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)فرانس کے پراسکیوٹرز نے 2016 اور 2020 ء کے اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کیلئے دی جانے والی بولیوں میں بدعنوانی کے بارے میں اپنی تحقیقات وسیع کر دی ہیں۔ فرانسیسی حکام انٹرنیشل ایسوسی ایشن آف اتھلیٹکس فیڈریشن (آئی اے اے ایف) کے سابق صدر لیمین ڈیاک سے پہلے ہی تحقیقات کر رہے ہیں۔ لیمین ڈیاک کو گزشتہ برس بدعنوانی اور غیرقانونی رقمی لین دین کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ فرانس کے استغاثہ کے دفتر کے ایک عہدیدار نے بدعنوانی کی تحقیقات وسیع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا : ’’ہم تمام  پہلوؤں کو دیکھ رہے ہیں ۔ تاہم اس مرحلے پر تصدیق کا سوال ہے، ابھی کچھ بھی ثابت نہیں ہوا‘‘۔ واضح رہے کہ ٹوکیو نے جو 2020 ء کے اولمپکس کا میزبان ہے ، جنوری میں منعقدہ جانچ پڑتال میں ووٹنگ کے عمل کا دفاع کیا تھا۔ ریو اولمپکس کے منتظمین نے منگل کو کہا کہ ’’ہم نے ان کھیلوں کی میزبانی کا حق جیتا کیونکہ ہمارے پاس بہترین پراجیکٹ تھا‘‘۔