لاہور۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی ٹیم کے اسٹار اوپنر فخر زمان نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کی پاکستان آمد خوش آئند ہے کیونکہ انہیں ہم وطنوں کے سامنے کھیلنے کا موقع ملے گا جس کی بات ہی کچھ اور ہی ہوگی کیونکہ ابھی تک ان سمیت کئی کھلاڑیوں کو یہ موقع نہیں مل سکا ہے۔ ورلڈ الیون کیخلاف اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کو بیتاب بیٹسمین نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنا کھیل ہی کھیلنا ہوتا ہے لہٰذا اسکواڈ میں تبدیلیوں سے ان کی کارکردگی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا اور وہ حسب معمول پاکستانی شائقین کے سامنے بھی چوکے اور چھکے لگائیں گے۔ فخر زمان سے جب مکی آرتھر کے رویہ سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے بڑے اطمینان سے کہا کہ ہیڈ کوچ ہر بات بڑے پیار سے سمجھاتے ہیں۔ واضح رہے آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے فائنل میں پاکستانی اوپنر فخر زماں نے جسپریت بمراہ کے نوبال پر ملنے والے موقع پر فائدہ اٹھاتے ہوئے سنچری اسکور کی تھی اور وہ اُسی مظاہرہ کو اپنے شائقین کے روبرو دھرانے کے خواہاں ہیں ۔