بلاوایو ۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی اوپنر فخر زمان اپنے کرکٹ شائقین کو جشن منانے کا موقع فراہم کردیا جیسا کہ انہوں نے ونڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔زمبابوے کیخلاف سیریز کا چوتھا مقابلہ فخر اورپاکستان کیلئے کئی اعتبار سے ریکارڈساز ثابت ہوا کیونکہ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 210 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔فخر اور امام الحق پر مشتمل اوپنرز کی جوڑی نے بھی تاریخ رقم کر دی جیسا کہ انہوں نے 304 رنز کی شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بناکرزمبابوے کو کامیابی کیلئے 400 کا نشانہ دیا جوکہ پاکستان کا اعظم ترین اسکور بھی ہے۔پاکستان نے ونڈے میں سب سے زیادہ مجموعی اسکور کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔ پاکستانی ٹیم نے یہ ریکارڈ زمبابوے کے خلاف چوتھے ونڈے میچ میں فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت بنایا۔ فخر زمان نے 210 رنز کی تاریخ ساز اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کے لیجنڈ اوپنرسعید انورکا 194 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے روایتی حریف ہندوستان کیخلاف بنایا تھا۔ فخر زمان نے یہ ڈبل سنچری 23 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ فخر زمان ونڈے کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز سے صرف 20 رنز کی دوری پر ہیں۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔جوابی اننگز میں میزبان ٹیم 400 رنز کے ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے 244 رنز کے ساتھ سیریز میں 4-0 کی سبقت بنالی ہے ۔ شاداب خان نے 28 رنز کے عوض کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے 2010ء میں بنگلہ دیش کیخلاف 385 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور304 رنزکی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ یہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے بہترین اورونڈے کرکٹ کی تاریخ کی چوتھی سب سے بڑی شراکت ہے۔پاکستان کی پہلی وکٹ 304 کے اسکور پر گری جب امام الحق آٹھ چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی فخر زمان نے اپنی دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے آصف علی نے صرف 22 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔یاد رہے کہ ونڈے میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا عالمی ریکارڈ ہندوستانی اوپنر روہت شرما کے نام درج ہے جنھوں نے 264 رنز کی اننگز سری لنکا کے خلاف کھیلی ہے اور روہت وہ واحد بیٹسمین ہیں جھنوں نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ونڈے کا دوسرا بڑا اسکور نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل (237 ) نے بنایا۔ اس فہرست کے دیگر بیٹسمینوں ویریندر سہواگ(219) اور گریس گیل (215 ) شامل ہیں ۔