فخر زمان نے سرفراز احمد کو جونٹی روڈز کی یاد دلادی

دبئی۔28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں فخر زمان نے بین میک ڈورمیٹ کو رن آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کے لیجنڈ فیلڈرجونٹی روڈز کی یاد دلادی۔آسٹریلیا کو دبئی میں شکست دیکر پاکستان نے ٹی 20 سیریز میں مسلسل دسویں کامیابی اپنے نام کی ،وہ بھی سرفراز احمد کی قیادت میں، جو گزشتہ دنوں تنقید کی ذد میں تھے۔سرفراز احمد نے ٹسٹ کے بعد ٹی 20 سیز یز میں آسٹریلیا کو شکست دینے کو بڑی فتح قرار دیا اور جیت کا سہرا تمام کھلاڑیوں کی محنت کو دیا ہے۔ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہ ہماری بہت بڑی فتح ہے،گزشتہ ایک سال سے کھلاڑیوں نے جس طرح محنت کی ،جیت کا سہرا انہیں جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے فیلڈرز سے کئی کیچ چھوٹ گئے لیکن یہ بھی کھیل کاحصہ ہے، وکٹ کو دیکھتے ہوئے حسن علی سے آخری اوورز کروائے، فخرزمان نے رن آوٹ کرکے جونٹی روڈز کی یاد دلا دی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح فخر نے حریف بیٹسمین کو رن آوٹ کیا اس سے روڈز کی یادتازہ ہوگئی۔