دبئی ۔24 ستمبر(سیاست ڈاٹ کا م) ایشیا کپ میں سوپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے اپنے ہاتھوں سے اپنی وکٹ گنوادی۔دبئی کے اس میچ میں اوپنرفخر اسپنر کلدیپ یادو کو کھیلتے ہوئے پھسل گئے لیکن گیند انکے ہاتھ پر لگی۔ ہندوستانی ٹیم نے اپیل کی اور امپائر نے انہیںایل بی ڈبلیو آئوٹ دے دیا۔فخر زمان جس طر ح آئوٹ ہوئے اسے ان کی بد قسمتی کہیں، لاعلمی یا تذبذب کا شکارہوکر آئوٹ ہونے کے بعدساتھی بیٹسمین بابر اعظم سے ریویو لینے پر مشورہ کیا لیکن ریویو لیا نہیںاور31 رنز اسکور کرکے پویلین لوٹ گئے۔واضح رہے کہ اوپنر فخر زمان کے غلط آئوٹ ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے جبکہ وہ اس سے پہلے افغانستان کے خلاف میچ میں بھی 3 گیندیں کھیل کر صفر پرمجیب الرحمن کے خلاف ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے تھے اور اس وقت بھی انہوں نے بابر اعظم سے ریویو پر مشورہ لیا جو بعد میں لیا نہیں اور پویلین لوٹ گئے۔ہندوستان کے خلاف فخر کے آوٹ ہونے اور بابر کی جانب سے ریویو نہ لینے کا مشورہ دینے پر پاکستانی شائقین کافی برہم ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان دو بیٹسمینوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ سال کے سب سے احمق بیٹسمین کا ایوارڈ فخر کو اور سب سے احمق نان اسٹرائیکر کا ایوارڈ بابر کو دیا جانا چاہئے۔