فخرکو آج رچرڈس کا38 سالہ قدیم ریکارڈتوڑنے کا موقع

بلاویو۔21 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) فخرزمان پاکستان کی طرف سے ونڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ، انہوں نے زمبابوے کیخلاف چوتھے ونڈے میں 210رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔دنیا بھر سے ان کو شاندار کارکردگی پر مبارک باد کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ فخر زمان پاکستان کی طرف سے انفرادی طورپر بڑاسکور کرنیوالے کھلاڑی بن گئے ،انہوں نے سعید انورکے 194رنز کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے 1997میں ہندوستان کیخلاف ہندکی سرزمین پر بنایا تھاتاحال ونڈے کرکٹ میں 8ڈبل سنچریا ں بنی ہیں جن میں سے 3ہندوستانی اوپنر روہت شرما نے بنائیں ،ان کے علاوہ سچن تنڈلکر ،وریندرسہواگ،مارٹن گپٹل اور کرس گیل ونڈے میں ڈبل سنچریاں بناچکے ہیں۔روہت شرما کا 264 رنز سب سے زیادہ انفرادی اسکورکا ریکارڈ بھی ہے لیکن یہ تمام ہی بیٹسمین ڈبل سنچری بنانے سے پہلے تقریباً 100 ونڈے مقابلوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے تھے۔فخرزمان اب تک 17ونڈے میچز میں 75.38کی اوسط سے 980 رنز بنا چکے ہیں،وہ کل زمبابوے کیخلاف آخری ونڈے میچ میں20 رنز بنالیتے ہیں تووہ سب سے کم مقابلوں میں ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھی ان کے نام کے ساتھ درج کرلیں گے۔اننگز کے اعتبار سے تیز ترین ہزار رنز اسکور کرنے کا ریکار وی وین رچرڈس کے نام درج ہیں جنہوں نے 1980 میں اپنے کرئیر کی 21 ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا جبکہ موجودہ دور کے فعل کھلاڑیوں میں بابر اعظم اورجنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک نے 21 اننگز،اظہر علی 23 ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی اور اوپنر شکھر دھون کے علاوہ ہاشم آملہ نے 24 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں اور اب فخر کو اپنے کرئیر کی 18 ویں اننگز میں یہ ریکارڈ بنانے کا سنہری موقع ہے۔پاکستانی ٹیم انتطامیہ کو امید ہے کہ فخر جو اس وقت بہترین فام میں ہیں وہ رچرڈس کا 38 سالہ قدیم ریکارڈ توڑدیں گے۔علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے فخر زمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ فخر زمان عالمی معیار کے اوپنر بن رہے ہیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ فخر نے اپنے آپ کو بڑا کھلاڑی ثابت کردیا۔سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ سعید انور کے بعد اب فخر زمان کی صورت میں غیر معمولی بیٹسمین ملا۔رمیز راجہ نے کہا کہ ایسے بیٹسمین صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ فخر زمان نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی ہے ،اس نے خود کوبڑا کھلاڑی ثابت کردیا۔برنڈن مکالم نے کہاکہ فخر کیا شاندار مظاہرہ کیا ۔ پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کائنات امتیاز اور جویریہ خان نے فخرزمان کو مبارکبادکے پیغامات بھیجے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان رواں ونڈے سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ کھیل کھیلا جائے گا۔