فخرزمان ٹسٹ کھیلنے کے خواہاں

کراچی۔6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی اوپنر فخر زمان نے آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز پر نگاہیں جما لیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریکارڈز بنانے کیلئے نہیں کھیلتے بلکہ ان کا مقصد ٹیمکو کامیابی دلانا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ دورہ زمبابوے کی کارکردگی پر خوش ہیں کیونکہ سہ رخی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ونڈے میچوں میں اچھی کارکردگی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہوئی۔ ان کا اہم ہدف ملک کیلئے ٹسٹ کرکٹ کھیلنا اور خود کو پانچ روزہ کرکٹ کا اہل ثابت کرنا ہے۔ فخر زمان کے مطابق ونڈے ان کا پسندیدہ ہے لیکن سب کہہ رہے ہیں کہ ٹسٹ کرکٹ بھی کھیلنا چاہئے۔ آئی سی سی درجہ بندی میں بائیس درجے ترقی پر انہوں نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ دورہ زمبابوے میں ملنے والے موقع کا پورا فائدہ اٹھا سکے کیونکہ وہاں پر بہت زیادہ سردی تھی اورکھیلنا آسان نہیں تھا۔ ایک سوال پر فخر زمان نے کہا کہ جب وہ ڈبل سنچری کے قریب تھے تو ان کے ذہن میں سعید انور کا ریکارڈ بالکل بھی نہیں تھا کیونکہ اس وقت توجہ دو سو رنز مکمل کرنے پر تھی کیونکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے یہ خواہش ظاہر کی تھی۔ ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ سال انگلینڈ میں بھی اچھی کارکردگی کیلئے پر امید ہیں جبکہ آصف علی ٹیم میں بہترین اضافہ ہیں۔