فخرالدین سابق جج رائے بریلی سے عام آدمی پارٹی امیدوار

نئی دہلی ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی، 2G اسکام کے داغدار سابق وزیر اے راجہ (ڈی ایم کے) اور دو مرکزی وزراء کے علاوہ دیگر نے چھٹے اور ساتویں مرحلہ کی رائے دہی کیلئے آج پرچہ نامزدگی داخل کی۔ سونیا گاندھی حلقہ لوک سبھا رائے بریلی سے مقابلہ کررہی ہیں اور پرچہ نامزدگی کے پہلے دن ہی انہوں نے اسے داخل کردیا ہے۔ (خبر صفحہ 3 پر) رائے بریلی میں 30 اپریل کو ساتویں مرحلہ میں رائے دہی ہوگی۔ اداکار و فلمساز مہیش منجریکر نے جنہیں مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) کا ممبئی نارتھ ویسٹ لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے، آج پرچہ نامزدگی داخل کی۔ مرکزی وزیر اور کانگریس امیدواروں این مینا اور جتیندر سنگھ کے علاوہ 18 دیگر امیدواروں نے راجستھان سے پرچہ نامزدگی داخل کی۔

مینا کے چھوٹے بھائی اور بی جے پی امیدوار ایچ سی مینا نے بھی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کی۔ سابق وزیر ٹیلی کام اے راجہ حلقہ لوک سبھا نیلگریس سے دوبارہ مقابلہ کررہے ہیں۔ سابق رکن لوک سبھا ایم رام داس اور دیگر 4 امیدواروں نے پڈوچیری میں پرچہ نامزدگی داخل کی۔ اس دوران عام آدمی پارٹی نے سابق جج فخرالدین کو رائے بریلی سے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ان کا مقابلہ صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ہوگا جبکہ لال بہادر شاستری کے پوترے آدرش شاستری الہ آباد سے مقابلہ کریں گے۔ عام آدمی پارٹی نے آج 19 لوک سبھا حلقوں کیلئے 14 ویں فہرست جاری کی۔ جسٹس (ریٹائرڈ) فخرالدین مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ ہائیکورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔ آج کی فہرست کے ساتھ عام آدمی پارٹی نے اب تک جملہ 426 امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔