فحش کلامی و بدتمیزی : جیسن اور ویلی پر جرمانہ

نئی دہلی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے اوپنر جیسن رائے اور فاسٹ بولر ڈیوڈ ویلی پر گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے آئی سی سی ٹی۔ 20 ورلڈ کپ میچ میں ضابطہ شکنی کی سزا کے طور پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جیسن رائے 39 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 42 رنز بنائے تھے۔ ان پر کھلاڑیوں اور ان کے معاونین کیلئے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی دفعہ 2.1.5 کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ دفعہ کسی بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کے فیصلہ پر ناراضگی کا اظہار کرنے سے متعلق ہے۔ 13 ویں اوور کے دوران امپائر نے رائے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا تھا۔ اس فیصلہ پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف بیاٹ اور ہیلمٹ کو فیلڈ پر پھینک دیا تھا بلکہ فحش کلامی بھی کی تھی۔ 26 رنز کے عوض 2 وکٹس لینے والے ویلی آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی دفعہ 2.1.7 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا جو (دفعہ) ایسی زبان یا حرکات کے استعمال سے ہے جس سے بیٹسمین کو آؤٹ ہونے پر جارحانہ ردعمل کیلئے مجبور کرسکتا ہے۔ تیسرے اوور میں ملنڈا سرپورونا کے آؤٹ ہونے کے بعد ویلی نے فحش زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں پویلین واپسی کا اشارہ کیا تھا۔ اس خطا پر ویلی سے اس میچ میں انہیں ملنے والی فیس کا 15% حصہ بطور جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ میچ کے اختتام کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو کی طرف سے تجویز کردہ جرمانہ سے ادائیگی سے اتفاق کیا تھا چنانچہ ان کے خلاف سماعت کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔