حیدرآباد 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے حیدرآباد سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرس کے اسپیشل پولیس آفیسر کو چائلڈ ویلفیر کمیٹی کے رکن کو قابل اعتراض ایس ایم ایس بھیجنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سائبر کرائم مسٹر ایس جئے رام نے بتایا کہ ضلع رنگا ریڈی کی چائلڈ ویلفیر کمیٹی کی جانب سے ارون تیاگی کے خلاف ایک شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں اس پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے قابل اعتراض اور فحش ای میلس روانہ کئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ارون تیاگی جو سابق فوجی ہے اور حیدرآباد پولیس ہیڈ کوارٹرس میں اسپیشل پولیس آفیسر کی حیثیت سے ڈیوٹی انجام دے رہا ہے اور وہ اپنے دو بچوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر اذیتیں دیا کرتا تھا جس کے خلاف اس کے باپ راجندر تیاگی نے چائلڈ ویلفیر کمیٹی سے شکایت درج کروائی تھی ۔ کمیٹی نے شکایت کی سماعت کے بعد راجندر تیاگی کو اپنے پوتروں کو پاس رکھنے کی اجازت دے دی تھی ۔ کمیٹی کے اس فیصلے کے بعد ارون تیاگی نے کمیٹی کے ارکان سے انتقام لینے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلہ میں کمیٹی کے ارکان کو فحش اور قابل اعتراض ایس ایم ایس روانہ کرتے ہوئے انہیں ذہنی طور پر پریشان کیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے گرفتار اسپیشل پولیس آفیسر کو آج عدالت میں پیش کردیا ۔