فتوحات کے عزائم کیساتھ آسٹریلیائی ٹیم زمبابوے روانہ سہ رخی سیریزکا 25 اگسٹ کو آغاز

سڈنی 20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے آج زمبابوے کے دورہ پر روانگی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ زمبابوے کا دورہ ضابطہ کی کارروائی نہیں بلکہ کھلاڑی فتوحات کے ذریعہ بین الاقوامی کرکٹ کو دوبارہ شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ 14 رکنی آسٹریلیائی ٹیم کلارک کی قیادت میں آج صبح یہاں سے ہرارے کیلئے روانہ ہوچکی ہے جہاں وہ 2 ہفتے طویل سہ رخی سیریز میں شرکت کرے گی جس کی تیسری ٹیم جنوبی افریقہ ہے۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش میں 4 ماہ قبل منعقدہ آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے بعد آسٹریلیا پہلی مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ میں شرکت کررہی ہے۔ زمبابوے روانہ ہونے والی ٹیم میں کئی آسٹریلیائی اہم کھلاڑی موجود نہیں جن میں زخمی آل راؤنڈر شین واٹسن اور فاسٹ بولر ریان ہارس کے علاوہ عنقریب باپ بننے والے ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔ مذکورہ کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں فیل ہیوز، مچل مارش، بین کٹنگ اور کیل رچرڈسن کیلئے مواقع فراہم کردیئے ہیں جو سہ رخی سیریز میں بہتر مظاہروں کے ذریعہ ٹیم میں اپنے مستقل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ روانگی کے موقع پر آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک نے کہاکہ اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں جن نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے اُن کے لئے یہ سہ رخی سیریز ایک سنہری موقع ثابت ہوگی جو اپنی صلاحیتیں ثابت کرسکیں گے۔ دریں اثناء کلارک نے اِن خیالات کو مسترد کرتے ہوئے یہ سیریز آئندہ برس منعقد شدنی ونڈے ورلڈکپ کی تیاری کا ایک حصہ ہے۔ کلارک کے بموجب اِس سیریز کے ذریعہ آسٹریلیائی کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ کا احیاء کرتے ہوئے کامیابی کی سمت گامزن ہونے کیلئے کوشاں ہیں۔