حیدرآباد مزید ایک کامیابی کا خواہاں ، بنگلور کی بقاء کیلئے کوہلی اور ڈی ویلیئرس کو جادو دکھانا ہوگا
حیدرآباد۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کامیابیوں کے راستہ پر گامزن سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ)کل اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے آئی پی ایل میچ میں ایک اور کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر اپنے موقف کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ دے گی جبکہ اس کی حریف رائیل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) اپنی بقاء کیلئے جدوجہد کرے گی۔ حیدرآباد اپنے بہترین بولنگ حملوں کی بدولت ابتداء سے بہترین دفاع کنندوں کی حیثیت سے ابھرا ہے لیکن گزشتہ روزدہلی ڈیر ڈیولس کو 7 وکٹس سے شکست دے کر یہ ثابت کردیا کہ وہ سخت مقابلہ کرنے والوں کو بھی پچھاڑ سکتے ہیں۔ حیدرآباد کی میزبان ٹیم پلے آف کھیلوں کی سمت پہلے ہی چست چھلانگ لگا چکی ہے جس کے باوجود ان کے پاس بھی چند مسائل ہیں جن پر وہ ٹورنمنٹ کے اختتام سے قبل توجہ مرکوز کرنا چاہے گی۔ بالخصوص کپتان شکھر دھون کا کمزور رن ریٹ اور لڑکھڑاتا ہوا مڈل آرڈر ان کے لئے باعث تشویش ہے۔ ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت آر سی بی اگرچہ اپنی بقاء کے لئے جدوجہد کررہی ہے اور اب انہیں ہر مقابلہ جیتنے کی ضرورت ہے اور یہ امید بھی رکھتی ہے کہ دیگر نتائج پلے آف کھیلوں میں برقرار رہنے کے لئے سازگار ہوں گے۔ آر سی بی 9 مقابلوں میں صرف 3 کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چھٹویں مقام کی حامل ہے۔ جہاں تک کل کی بات ہے کوہلی اور اے بی ڈی ویلیرس کو کچھ ایسا جادو دکھانے کی ضرورت ہے جو سن رائزرس کے لئے مشکل پیدا کرسکے کیونکہ ان کے بولرس تمام ٹیموں میں بہترین ثابت ہوچکے ہیں۔ ان کے فاسٹ بولر بھونیشور کمار کی واپسی نے بولنگ حملے کو مزید مستحکم بنادیا ہے۔ آر سی بی کے تمام بڑے سورما تاحال اپنی بازیگری دکھانے میں ناکام رہے ہیں لیکن اب انہیں کچھ کر دکھانے کا وقت آگیا ہے کیونکہ مزید ایک شکست ٹورنمنٹ سے اس ٹیم کے اخراج کا پیشہ خیمہ ثابت ہوگی۔ پارتھیو پٹیل اور برنڈن مک کلم کو بھی اپنی ٹیم کی مدد کرنے کی ووٹ ہے۔ سندیپ سنگھ اور کولن ڈی گرینڈ ہوم کو بھی مستعدی دکھانا ہوگا۔ اومیش یادو اور یزویندر چاہل بہتر مظاہرہ کررہے ہیں لیکن واشنگٹن سنڈر اور مقامی کھلاڑی محمد سراج کو بھی کل بہتر مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اس دوران سن رائزرس حیدرآباد تمام حریف ٹیموں کے بیٹسمین پر اپنے بولنگ حملوں کے ساتھ حاصل ہونے والے غلبہ سے کامیابیوں کی دوڑ میں لگے ہیں۔ اسپنر راشد خان پیسرس سدھارتھ کول اور سندیپ شرما اور اسپن آل راؤنڈر شکیب الحسن انتہائی موثر اور فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں۔ ایس آر ایچ کا بیٹنگ محاذ جو کمزور نظر آرہا تھا، اب بہتر مظاہرہ کررہا ہے اور اس کے بیٹسمین دہلی کے خلاف 164 رنز کا ہدف بہ آسانی حاصل کردکھائے۔