فتح حیدرآباد کے رواں سیزن فتوحات قابل اطمینان

حیدرآباد 27 اپریل (ای میل) شہر سے تعلق رکھنے والی فٹبال ٹیم فتح حیدرآباد کے رواں سیزن مظاہرے قابل ستائش اور انتظامیہ کے لئے اطمینان بخش ہیں کیوں کہ اس نے اس سال 20 مقابلوں میں شرکت کی جہاں اسے 9 فتوحات حاصل ہوئیں جبکہ وہ 9 مقابلوں کو ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔ نیز اِس دوران اسے صرف دو مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ علاوہ ازیں اس کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیموں کو صرف 6 گول بنانے کا موقع فراہم کیا۔ ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کے اُبھرتے فٹبال کھلاڑیوں پر مشتمل اِس کلب کا قیام جون 2015 ء میں عمل میں آیا۔ بانی یوگیش موریا جوکہ کلب کے ٹکنیکل اور اسپورٹنگ ڈائرکٹر بھی ہیں، انھوں نے میڈیا نمائندوں سے کہاکہ کلب کے قیام کا مقصد حیدرآباد میں بنیادی سطح پر باصلاحیت فٹبال کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔