فتح اللہ گولن سے متعلق ترکی کو عنقریب امریکہ کا جواب

واشنگٹن۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکام نے اپنے ترک ہم منصبوں کو بتایا ہے کہ وہ امریکہ میں مقیم ترکی کے مذہبی رہنما فتح اللہ گولن کی گرفتاری کے حوالے سے ترکی کے مطالبے کا جواب ایک یا دو دن میں دے دے گا۔ یہ بات ترک وزیر انصاف بیکیر بوزدا نے بتائی۔ ترکی چاہتا ہے کہ امریکہ گولن کو ملک بدر کرے۔ ترکی کا الزام ہے کہ ترکی میں جاریہ سال 15 جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کے ماسٹر مائنڈ گولن ہی تھے۔ واشنگٹن کی طرف سے قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ وہ اس حوالے سے انقرہ حکومت سے تعاون کر رہا ہے۔
گاڑیوں کی صنعت میں
ہندوستان پانچویں نمبر پر
نئی دہلی۔28 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے 12 سال بعد موٹر گاڑیوں کی صنعت میں پانچواں بڑا ملک بننے کا اعزاز جنوبی کوریا سے چھین لیا ہے ۔جنوبی کوریا کی آٹو موبائل صنعت کے ڈیٹا کے مطابق ہندوستان رواں سال کے پہلے سات مہینوں میں موٹر گاڑی بنانے والا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے جو 2004ء میں اس کے ہاتھ سے نکل گیا تھا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر گاڑیوں بنانے کی رفتار یہی رہی تو آئندہ سال تک جنوبی کوریا کیلئے چوتھی پوزیشن برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔