فالکنر کی ناقابل یقین بیٹنگ،آسٹریلیا ایک وکٹ سے فاتح

برسبین 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل میں غیر یقینی کامیابی دلوانے والے آسٹریلیائی آل راؤنڈر جیمس فالکنر نے انگلینڈ کے خلاف یہاں منعقدہ دوسرے ونڈے میں اپنی ٹیم کی ایک وکٹ کی کامیابی بھی ناقابل یقین اننگز کھیلی۔ فالکنر نے 9 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں میں 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے نا قابل شکست 69 رنز اسکور کئے اور اس غیر یقینی اننگز کے ذریعہ انہوں نے اپنی ٹیم کو ایک وکٹ کی کامیابی دلوائی جیسا کہ آسٹریلیا نے 49.3 اوورس میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ نشان 307 رنز حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے اور فالکنر نے حریف بولر ٹیم برسبین کی ابتدائی 3 گیندوں میں 3 چوکے لگاتے ہوئے ٹیم کو سنسنی خیز کامیابی سے ہمکنار اور سیریز میں 2-0کی سبقت دلوادی۔ فالکنر اور کلینٹ مائیک کے درمیان 10 ویں وکٹ کیلئے 5.3 اوورس میں غیر مفتوح 57 رنز کی پارٹنر شپ رہی جس میں فالکنر نے 55 اور دوسرے فاسٹ بولر نے صرف 2 رنز کا تعاون دیا ۔ آسٹریلیا کیلئے نمبر 3 پر شان مارش نے 55 اور مڈل آرڈر میں گلین میکس ویل نے 39 گیندوں میں 54 رنز اسکور کئے ۔

301رنز کے تعاقب میں ایک موقع پر آسٹریلیا کی ٹیم 120/5اور پھر 244/9کی نازک صورتحال سے پریشان تھی۔ قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ریان مورگن کی سنچری کی بدولت 300رنز اسکور کئے ۔ مورگن نے 99 گیندوں میں 4 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 106 رنز اسکور کئے۔ دیگر انگلش بیٹسمینوں میں اونرایان بیل ان آوٹ ہونے سے قبل 84 گیندوں میں 68 رنز اور لوور آرڈر میں جوس ٹبلر نے 36 گیندوں میں 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کیلئے میکس ویل نے 31 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ فالکنر کو غیر معمولی اننگز پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا جبکہ مقابلے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ فالکنر نے اس سے قبل آئی پی ایل میں بھی اس طرح کا مظاہرہ کیا ہے جس کا ہم نے ٹی وی پر مشاہدہ کیا تھا اور آج اپنوں نے اسی اننگز کا اعادہ کیا ہے ۔ دریں اثناء انگلش ٹیم کے کپتان الیسٹرکک نے کہا کہ آج ہمیں ایک غیر یقینی اننگز نے شکست دی ہے۔