کولکتہ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل ۔ 8 میں اپنی بہترین بولنگ کے ذریعہ دو تین مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈس حاصل کرنیو الے آشیش نہرا نے کہا کہ کسی فاسٹ بولر کیلئے ایک ہی سیزن میں ہرمرتبہ مین آف دی میچ کی حیثیت سے ابھرنا دشوار ہے ۔ 36 سالہ فاسٹ بولر نہرا آئی پی ایل کے رواں سیزن میں 22 وکٹس حاصل کرتے ہوئے سب سے کامیاب بولر کی حیثیت سے ابھرے ہیں ۔ آئی پی ایل کے ایک ویب سائیٹ نے نہرا کے حوالہ سے کہا ہے کہ ’’اس سیزن میں میں نے تین ‘چار مین آف دی میچ ایوارڈس حاصل کئے ہیں جو کافی ہیں ۔ کسی فاسٹ بولر کیلئے صرف ایک ہی سیزن میں کئی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنا آسان نہیں ہے‘‘۔ چینائی سوپر کنگس کے بولر نہرا نے کہا کہ آئی پی ایل کے اس سیزن کو اپنے کیرئیر کا بہترین حصہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ اعداد اور ہندسوں کے اعتبار سے دیکھتے ہیں تو یقیناً یہ بہترین سیزن رہا ہے لیکن میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہی میرا بہترین آئی پی ایل سیزن رہا کیونکہ 2008 میں میں نے ممبئی انڈینس کیلئے اور 2009 اور 2010 میں دہلی ڈیر ڈیولس کے لئے بھی اچھی بولنگ کی تھی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’یقینا جب میں پانچ سال چھوٹا تھا ۔ جب آپ وکٹس لیتے ہیں تو لوگ آپ کو زیادہ یاد رکھتے ہیں لیکن ٹی 20 میں بسا اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ اچھی بولنگ کے باوجود وکٹس نہیں ملتے ۔ اس مرتبہ مجھے بہت زیادہوکٹس حاصل ہوئے ہیں جس سے میری ٹیم کو مدد ملی ہے‘‘۔