سڈنی ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی اسپیڈ اسٹار شان ٹیٹ نے ایک عرصے سے جاری کہنی کی زخم کے سبب ہر طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا ہے۔2009 میں فرسٹ کلاس اور 2011 میں ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہونے والے ٹیٹ نے ٹی20 کے ماہرکی حیثیت سے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری مرتبہ بگ باش 17-2016 کے سیزن میںسڈنی تھنڈر کے خلاف ہوبارٹ ہری کینز کی نمائندگی کی تھی۔34 سالہ بولر نے کہا کہ میں مزید دو سال کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا لیکن میری کہنی کا زخم انتہائی مشکل صورت حال اختیار کر چکا ہے۔یاد رہے کہ 2007 میں ویسٹ انڈیز میں ہوئے ورلڈ کپ میں ٹیت نے بہت عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور ایونٹ کے دوسرے کامیاب بولر کا اعزاز اپنے نام کرنے کے علاوہ آسٹریلیا کو لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئن بنوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمز سدرلینڈ نے کہا کہ اپنے عروج پر ٹیٹ دنیا کے سب سے تیز رفتار بولر تھے۔ انہیں بیٹسمینوں کے دفاع کو توڑتے ہوئے وکٹیں حاصل کرتے دیکھنا ایک انتہائی دلفریب احساس ہوتا تھا۔ٹیٹ نے تین ٹسٹ، 35 ونڈے اور 21 ٹی20 میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور آخری مرتبہ گزشتہ سال ہندوستان کے خلاف میچ میں انہوں نے آسٹریلیا کیلئے آخری ٹی20 میچ کھیلا تھا۔