فاسٹ بولرشاہین آفریدی کا پاکستانی قومی ریکارڈ

لاہور، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نوجوان فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے فرسٹ کلاس کرکٹ کریئر کا آغازکرتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا نیشنل ریکارڈ قائم کردیا۔پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنمنٹ قائداعظم ٹرافی میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی جانب سے کھیلتے ہوئے شاہین آفریدی نے گذشتہ روز 8 وکٹ حاصل کر کے یہ ریکارڈ بنایا۔ راولپنڈی کے خلاف میچ میں شاہین کی دوسری اننگز میں شاندار بولنگ رہی جس کی بدولت انہوں نے ریکارڈ بک میں جگہ بنائی۔راولپنڈی ٹیم کی دوسری اننگز میں کے آر ایل کے شاہین شاہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 39 رنز کے عوض آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے سبب راولپنڈی کی ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس بولنگ کارکردگی کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے فرسٹ کلاس میں بہترین آغازکا ریکارڈ بھی قائم کرتے ہوئے 43 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔اس سے قبل بہترین بولنگ کا ریکارڈ ندیم ملک کے پاس تھا جنہوں نے 1974 ء میں لاہور کی جانب سے کھیلتے ہوئے سرگودھا کے خلاف 58 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔