فائنل کی ٹکٹوں کے حصول کیلئے عوام کی طویل قطاریں

لاہور۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے اعلان کے بعد شائقین کرکٹ کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے اور وہ  ٹکٹوں کے حصول کی دوڑ میں مصروف ہیں۔لیکن رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ تمام آن لائن ٹکٹس بارہ بجے سے پہلے ہی فروخت ہوگئے، بینکوں کے باہر بھی طویل قطاریں نظر آئی جبکہ تلخ کلامی کے واقعات بھی دیکھنے کو ملے۔میڈیا کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے خواہشمندوں کی بڑی تعداد کے مقابلے میں اسٹیڈیم میں نشستیں نہایت محدود ہیں۔سب سے کم قیمت کی حامل ٹکٹ پانچ سو روپے کی ہے لیکن بینکوں کو یہی ٹکٹ سب سے کم ملے ہیں، ایک بینک افسر نے  کہا کہ انھیں صرف دس ٹکٹ فراہم کئے گئے ہیں۔ بینک آف پنجاب کی مسلم ٹاؤن برانچ کے ایک ڈیسک مینیجر نے کہا کہ ان کے پاس 4 ہزار، 8 ہزار اور 12 ہزار روپے والے ٹکٹس موجود ہیں، جبکہ پی ایس ایل فائنل کا 500 روپے والا ٹکٹ ان کے پاس موجود نہیں۔فائنل کے ٹکٹ کے حصول کے لئے بینکوں کے باہر صبح 7 بجے سے موجود نوجوانوں نے کہا کہ فائنل دیکھنے کے لئے تکلیف تو برداشت کرنا پڑے گی۔ایک کرکٹ مداح نے گلہ کیا کہ صبح سویرے گھر سے نکلے لیکن ٹکٹ اب تک نہ ملا’، بعض شائقین کرکٹ 4 ہزار تک کا ٹکٹ دستیاب نہ ہونے کا بھی شکوہ کرتے نظر آئے۔ایک نوجوان نے کہا ابھی تک ٹکٹ نہیں ملا لیکن ہمیں صبر سے کام لینا پڑے گا کیونکہ اگر ہمیں ملک میں کرکٹ کو بحال کرنا ہے تو ہمیں صبر و برداشت کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔