کولکتہ ۔ 23 مئی (پی ٹی آئی) اسپاٹ فکسنگ معاملہ سے ابھر کر زبردست مظاہرہ دکھانے والے راجستھان رائلس آئی پی ایل کے دوسرے کوالیفائر میں جمعہ کے روز ممبئی انڈینس جیسے طاقتور ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ اس میچ کے فاتح کا سامنا فائنل میں چینائی سوپرکنگ سے ہوگا۔ ویسے تو بظاہر کاغذوں پر ممبئی انڈین مضبوط نظر آرہی ہے لیکن چہارشنبہ کو سن رائزرس حیدرآباد کو 4 وکٹ سے شکست دینے کے بعد راجستھان رائلس کے حوصلے بلند ہیں۔
پچھلے ایک ہفتہ سے اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے راجستھان رائلس کے حوصلے پست ہوگئے تھے۔ ایسے میں براڈ ہاج ایک زبردست معاون کے طور پر مظاہرہ کرتے ہوئے 29 گیندوں میں 54 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو دوسرے کوالیفائر میں جگہ دلانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ دوسری طرف ممبئی کو پہلے کوالیفائر میں چینائی نے 48 رنز سے شکست دی ہے۔ آخری لیگ میچ میں اسے کنگس الیون پنجاب میں 50 رنز سے شکست دی تھی۔
اس پر سچن تنڈولکر کی بائیں کلائی میں چوٹ نے ممبئی انڈینس کی مشکلیں بڑھا دی ہیں۔ ابھی یہ طئے نہیں ہے کہ سچن تنڈولکر جمعہ کو ہونے والے میچ میں کھیلیں گے یا نہیں۔ راجستھان رائلس کے مقابلہ میں ممبئی کافی بہتر اور ستاروں سے سجی متوازی ٹیم ہے لیکن اس کے سامنے مسئلہ کھلاڑیوں کی صلاحیت کے اعتبار سے متوقع مظاہرہ نہ کرپانا ہے۔ ممبئی انڈینس 2010ء میں آئی پی ایل کی رنراپ رہی اور اگلے سال اس نے چمپیئنس لیگ کا خطاب حاصل کیا تھا۔
دوسری طرف راجستھان رائلس کے فالکنر کی ٹیم کو جمعہ کے روز ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کے ساتھ دوسرا کوالیفائر میچ کھیلنا ہے اور اگر ان کی ٹیم جیت جاتی ہے تو فالکنر کے پاس براوو کو پیچھے چھوڑنے کیلئے دو مواقع حاصل ہوجائیں گے۔ ایک دوسرے کوالیفائر کا اور دوسرا فائنل کا۔ واضح رہیکہ فالکنر نے 15 میچوں میں 14.48 کے اوسط سے 27 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ اوسط کے معاملہ میں وہ 20 یا اس سے زائد وکٹ حاصل کرنے والے گیند بازوں کی فہرست میں سب سے آگے ہیں۔ اس کے بعد رائل چیلنجرس کے ونئے کمار (23) اور کولکتہ نائٹ رائڈرس کے سنیل نرین (22) کا مقام ہے۔ گذشتہ سال نرین نے پرپل کیاپ حاصل کیا تھا۔ ممبئی انڈینس کے مشیل جانسن (22) وکٹس بھی پرپل کیاپ کی دوڑ میں شامل ہیں اور ان کے پاس بھی دو مواقع ہوسکتے ہیں۔ اگر ممبئی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہتی ہے تو پھر جانسن بھی براوو کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔