فائربندی کی 881 مرتبہ خلاف ورزی

نئی دہلی ۔ 19 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے رواں سال جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے پاس جملہ 881 مرتبہ فائربندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجہ میں 30 افراد ہلاک ہوئے ، لوک سبھا کو آج یہ بات بتائی گئی۔ مملکتی وزیر داخلہ ہنس راج اہیر نے کہاکہ پاکستان نے 10 ڈسمبر تک دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں ایل او سی کے پاس 771 مرتبہ اور ختم نومبر تک آئی بی کے پاس 110 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی ۔ ان واقعات میں 14 فوجی جوان ، 12 عام شہری اور 4 بی ایس ایف جوان مارے گئے ہیں ۔ انھوں نے تحریری جواب میں کہا کہ جموں و کشمیر کے سواء پاکستان کے ساتھ متصل دیگر ریاستوں میں سرحدپار سے فائرنگ نہیں ہوئی ۔