غ70,000غیرقانونی عازمین حج مکہ سے واپس کردیئے گئے

مکہ معظمہ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے سیکیورٹی حکام نے غیرقانونی طریقے سے بیرون اور اندرون ملک سے حج کیلئے مکہ مکرمہ پہنچنے والے 70 ہزار افراد کو واپس کر دیا ہے۔ عازمین حج کو بلا اجازت یا غیرقانونی طور پر مکہ مکرمہ لانے میں ملوث 28 ہزار گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے یا گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض ایسی گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں جو حجاج کرام کے سفر کیلئے نا مناسب ہیں جب کہ مناسب سمجھی جانے والی ان گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے جن کے پاس حجاج کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے پرمٹ نہیں تھے۔جنرل سیکیورٹی ڈائریکٹویٹ کی جانب سے جاری ایک رپورٹ  میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے غیرقانونی طور پر پہنچنے والے ستر ہزار غیرقانونی عازمین حج کو واپس کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایام حج کے موقع پر حجاج کرام کی نگرانی، ان کی دیکھ بھال اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے چوکس ہیں۔اس ضمن میں کسی بھی غیرقانونی نقل وحرکت پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔