غیر کارکرد اثاثہ جات میں اضافہ پارلیمانی کمیٹی میں رگھو رام راجن کی طلبی

نئی دہلی 19 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام )ایک پارلیمانی کمیٹی نے ‘ جو غیر کارکرد اثاثہ جات میں مسلسل اضافہ کے مسئلہ کا جائزہ لے رہی ہے ‘ سابق گورنر ریزرو بینک آف انڈیا رگھو رام راجن سے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر انہیں تفصیلات سے واقف کرنے کمیٹی سے رجوع ہوں۔ سابق معاشی مشیر اروند سبرامنین کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی میں رگھو رام راجن کی ستائش کی گئی تھی جس کے بعد انہیں کمیٹی نے طلب کیا ہے ۔ اس کمیٹی کے سربراہ بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ مرلی منوہر جوشی نے رگھو رام راجن کو مکتوب روانہ کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ کمیٹی سے رجوع ہوں اور اس کے ارکان کو ملک میں بڑھتے ہوئے غیر کارکرد اثاثہ جات کی تفصیلات سے واقف کروائیں۔