غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل پر ابو ظہبی میں کانفرنس

دوبئی 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے یہاں ایک کانفرنس منعقد کی گئی جس میں غیر مقیم ہندوستانیوں کو درپیش کئی مسائل جیسے فضائی کرایہ ‘ سونے کی درآمدات اور تعلیم پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس میں ہندوستان کی مختلف ریاستی حکومتوں کے نمائندوں اور ہندوستانی برادری نے شرکت کی ۔ اس ایک روزہ کانفرنس کا اصل مقصد مختلف ہندوستانی اسوسی ایشنوں اور تٔطیموں کے ساتھ مل کر ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بہتر خدمات فراہم کرنا تھا ۔ یہ کانفرنس کل ابو ظہبی میں منعقد ہوئی تھی ۔ گوا کے ڈپٹی چیف منسٹر فرانسس ڈی سوزا بھی اجلاس میںشریک تھے اور انہوں نے خطاب کیا ۔ وزارت برائے امور غیر مقیم ہندوستانی کے پروٹیکٹر جنرل امیگرینٹس آر بوہریل نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اس کانفرنس میں ہندوستانی برادری کو جو دوبئی اور متحدہ عرب امارات میں برسر کار ہے اپنی ریاستی حکومتوں کے نمائندوں سے راست بات چیت کرنے اور انہیں درپیش مسائل سے واقف کروانے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے چلائے جارہے مختلف پروگرامس ‘ سرگرمیوں اور اسکیمس وغیرہ کا بھی تذکرہ کیا گیا ۔ اجلاس میں چار ورکنگ سشنس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔