غیر مسلم لڑکے سے محبت کا عبرتناک انجام ‘مسلم لڑکی نے خودکشی کرلی

حیدرآباد 26 فبروری (سیاست نیوز) ایک مسلم لڑکی کی غیر مسلم لڑکے سے محبت کا عبرتناک انجام ہوا جس میں لڑکی نے زہریلی دوا استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے بموجب 21 سالہ مسلم لڑکی ایک ہندو لڑکے سے محبت کرتی تھی اور لڑکے والے شادی کیلئے اس سے پوجا پاٹ کرنے اصرار کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکے کے ارکان خاندان خزانہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔ لڑکی نے خودکشی نوٹ میں یہ انکشاف کیا۔ یہ واقعہ حیات نگر باٹانگرم کے کتہ گوڑم علاقہ میں پیش آیا۔ لڑکی کی غیر مسلم لڑکے سے محبت پر والدین ناراض تھے لیکن لڑکے والے رضا مند ہوگئے تھے اور شادی کیلئے بات چیت کی کوشش بھی کی جارہی تھی۔ لڑکے کے ارکان خاندان نے مبینہ طور پر لڑکی کو اپنی باتوں میں پھانس لیا اور زبردستی پوجا کرا رہے تھے۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ وہ جہیز نہیں لیں گے اور بھاری رقم دے کر اپنے بیٹے سے اس کی شادی کریں گے۔ لڑکی کو یہ باور کرایا گیا کہ اگر وہ پوجا میں حصہ لے گی تو انہیں دفینہ حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔ لڑکی نے ابتداء میں پوجا پاٹ میں حصہ لیا لیکن بعد میں اس نے واضح طور پر انکار کردیا تھا جس کے بعد اسے دھمکیاں دی جانے لگی۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکے والوں کے مسلسل استحصال اور دھمکیوں سے تنگ آکر اس نے آج خودکشی کرلی۔ ان تمام تفصیلات کا لڑکی نے خودکشی نوٹ میں ذکر کیا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرلیا ۔ انسپکٹر حیات نگر مسٹر بی وینکٹیشورلو نے بتایا کہ لڑکے کے افراد خاندان مفرور ہیں جنہیں گرفتار کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔