غیر مجاز کپاس کے بیج فروخت کنندہ گرفتار

ملزم کے قبضہ سے 8 لاکھ مالیتی بیج برآمد، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 13 مئی (سیاست نیوز) غیر مجاز طور پر کپاس کے بیج فروخت کرنے والے گجرات کے ایک تاجر کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 39 سالہ بھرت کمار پربھو داس پٹیل نے جو مہاویر ٹریڈرس کا ڈائرکٹر ہے، گاندھی نگر سکندرآباد کا ساکن ہے، اُس نے حیدر بستی پر ایک ادارہ قائم کیا اور اُس میں نقصان کے نتیجہ میں خریف سیزن 2019 ء کے لئے گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر پارش پٹیل سے رابطہ قائم کیا۔ پربھو داس نے غیر مجاز طور پر 522 کیلو HT کپاس کے بیج حاصل کئے اور اُنھیں تلنگانہ میں غیر مجاز طور پر فروخت کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ پربھو داس نے عادل آباد کے سنیل اگروال کی ٹرانسپورٹ ایجنسی سے مذکورہ کپاس کے بیج منتقل کروائے تھے۔ پولیس نے پربھو داس کے قبضہ سے 8 لاکھ مالیتی کپاس کے بیج برآمد کرلئے اور اُس کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کرلیا۔