غیر قانونی ہتھیار رکھنے پر ایک شخص گرفتار

حیدرآباد /20 جون (سیاست نیوز) غیر قانونی طورپر ہتھیار رکھنے کے الزام میں کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دو دیسی ساختہ ریوالور برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ دیویندر دیو پانڈے ساکن پدما راؤ نگر سکندرآباد، جس کا تعلق راجندر نگر لکھنؤ سے ہے، وہ 15 سال قبل حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور یہاں پر وشوا مترا انڈیا پریوار میں منیجر کی حیثیت سے ملازمت کر رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ دیویندر پانڈے کا اس کے قریبی رشتہ دار رامیشور پرساد واجپائی سے اراضی تنازعہ چل رہا ہے اور اس سلسلے میں ایک کیس لکھنؤ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے۔ دیویندر پانڈے کو اپنے حریفوں سے جان کا خطرہ تھا، جس نے اپنی دفاع کے لئے لکھنؤ سے نامعلوم شخص سے دو طفنچے 14 ہزار روپئے میں خریدکر انھیں حیدرآباد منتقل کیا۔ ٹاسک فورس نے دیویندر پانڈے کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے مذکورہ ہتھیار برآمد کرلیا اور اسے چلکل گوڑہ پولیس کے حوالے کردیا۔