غیر قانونی گیاس ریفلنگ کا شاخسانہ ، ایک شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ 11 جون (سیاست نیوز) غیرقانونی طور پر ایل پی جی گیس ریفلنگ میں ملوث ایک شخص کو ٹاسک فورس ایسٹ زون نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 60 گیس سلینڈرس اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ بتایا جاتا ہیکہ 51 سالہ ایس نائیک پتلاوت ساکن سنگارینی کالونی جھونپڑیاں سعیدآباد میں غیرقانونی طور پر ایل پی جی گیس ریفلنگ کا بڑے پیمانے پر کاروبار کررہا تھا۔ کاچیگوڑہ نمولی اڈہ میں چند یوم قبل پیش آئے گیس ریفلنگ گودام میں مہیب آتشزدگی کے واقعہ کے پیش نظر دونوں شہروں کی پولیس اسی قسم کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ نائیک جو تنگدستی کا شکار تھا، آسانی سے روپئے کمانے کیلئے گھریلو ایل پی جی گیس سلینڈر کو غیرقانونی طور پر چھوٹے سلینڈرس میں منتقل کرکے انہیں فروخت کررہا تھا۔ غیرقانونی ریفلنگ کیلئے اس نے مشین بھی خریدا تھا اور سلینڈرس کی منتقلی کیلئے ماروتی ویان کا استعمال کررہا تھا۔ ٹاسک فورس نے کل رات دیر گئے غیرقانونی گودام پر دھاوا کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 60 گھریلو ایل پی جی گیس سلینڈرس، ماروتی ویان اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے سعیدآباد پولیس کے حوالے کردیا۔