لنگینا کیرے تالاب میں انہدامی کارروائی کیلئے تمام تیاریاں مکمل
گلبرگہ ۔7؍مئی:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر میں تالابوں پر غیر قانونی قبضہ جات کو ہٹانے کیلئے اپنے عہد کی پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے تالابوں پر غیر قانونی طور پر قابض افراد کو ایک دو دن میں جگہ خالی کرنے کے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے ڈپٹی کمشنر وی شنکر کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں پچھلے چند دنوں سے جاری انہدامی مہمات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے طے کیا گیا ہے کہ بلے کنہلی کے سروے نمبر 161 میں آنے والے لنگینا کیرے کے فرضی دستاویزات بناکر وہاں پر بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کی جاچکی ہیں۔ بنگلور ساؤتھ کے سب ڈویژنل آفیسر ایس سی شنکر نے بتایاکہ غیر قانونی قبضہ جات ہٹانے کیلئے اس جگہ کے متعلق ضلعی انتظامیہ نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ قبضہ کرنے والوں کو نوٹس کا جواب دینے کیلئے 15دن کی مہلت دی جائے گی، جس کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پہلے ہی مقبوضہ زمینات کا مکمل سروے کرایا جارہاہے۔ بعض علاقوں میں سروے کا کام مکمل بھی ہوچکا ہے۔ بعض مقامات پر کہا جارہا ہے کہ تالابوں پر بی ڈی اے نے لے آؤٹ ترتیب دے کر سائٹیں تقسیم کی ہیں، ایسی صورت میں بھی مکان مالکان سے مکمل دستاویزات طلب کئے گئے ہیں۔ بی ڈی اے کی طرف سے اگر یہ زمینات تقسیم ہوئی ہیں تو ایسے مکانات کو انہدامی مہم سے باہر رکھا جائے گا اور اس سلسلے میں باز پرس بی ڈی اے سے کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی اس پہل سے لنگینا کیرے اور آس پاس کے علاقوں میں بسنے والے بیشمار مکینوں میں دہشت کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔