غیر قانونی انٹرنیشنل فون کالس کا ریاکٹ بے نقاب

سات افراد بشمول ڈاکٹر گرفتار،ٹاسک فورس و مغلپورہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /24 ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس اور مغلپورہ پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں غیرقانونی طور پر انٹرنیشنل فون کالس چلائے جانے والے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 7 افراد بشمول ایک ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر چیتنیہ کمار نے بتایا کہ 33 سالہ سید محمد الیاس شاہ بخاری اور اس کے 6 ساتھی 44 سالہ محسن بن محمد ، 20 سالہ محمد شاہنواز ، 26 سالہ ڈاکٹر محمد عمر ، 32 سالہ میر مظفر علی ، 27 سالہ محمد زبیر الدین اور 20 سالہ عیسیٰ بن سعید انٹرنیشنل فون کال ریاکٹ چلارہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول VOIP انٹرنیٹ کے ذریعہ کال ریاکٹ چلایا جارہا تھا اور بین الاقوامی کال روٹنگ کرتے ہوئے گرفتار ملزمین معقول منافع حاصل کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس غیرقانونی کال ریاکٹ سے موبائیل فون کمپنی کو بھاری نقصان ہورہا تھا ۔ بیرون ممالک میں مقیم افراد کو کم دام میں بین الاقوامی فون کالس کرنے کی سہولت فراہم کررہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ ملزمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 4 لاکھ 80 ہزار نقد رقم اور کال روٹنگ میں استعمال کئے جانے والے 6 لیاپ ٹاپ ، 16 پورٹس ، 9 سم کارڈس ، دیگر آلات برآمد کرتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشن مغل پورہ کے حوالے کردیا گیا ۔