غوث الاعظم ؒکے کرامات کا بچپن سے ہی ظہور

محبوب نگر میں صوفی عبدالقادر باشاہ قادری کا خصوصی خطاب
محبوب نگر ۔ 03 مارچ ۔ (راست ) جناب شیخ رفیق قادری کی اطلاع کے بموجب محبوب نگر میں ایک عظیم الشان جلسہ فیضان غوث الاعظم دستگیر ؓ یکم مارچ ، بروز اتوار بعد نماز مغرب گرین فنکشن ہال کلاک ٹاور میں منعقد ہوا ۔ جلسہ سے خصوصی خطاب فرماتے ہوئے حضرت صوفی عبدالقادر باشاہ قادری شاذلی ادونی قبلہ مدظلہ العالی نے غوث الاعظم کی مختلف کرامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غوث الاعظم دستگیرؓ کی زندگی کرامتوں سے بھری رہی ، بچپن ہی سے آپ سے کرامت کا ظہور ہوتا رہا ۔ صوفی صاحب نے اپنے بصیرت افروز خطاب سے سامعین کے دلوں میں نہ صرف اولیاء اللہ کی محبت کی شمع روشن کی بلکہ تصوف کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے اُسے سامعین کے ذہن میں نقش کردیا ۔ قبل ازیںخصوصی خطاب سے قبل ادونی میں منعقدہ طرحی منقبتی مشاعرہ میں اپنے کلام سے داد و تحسین حاصل کرنے والے جناب عارف نعیمؔ (حیدرآباد) نے منقبت غوث الاعظم سناکر سامعین سے داد و تحسین حاصل کی ۔جناب مرزا کریم بیگ ڈائرکٹر نشاء اسلامک نے کاملؔ حیدرآبادی کا کلام پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض بحسن و خوبی عبدالعزیز معدومؔ نے انجام دیئے۔ داعی جلسہ عارف میمن و میمن برادران کے شکریہ پر اس عظیم الشان جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔