غلام نبی آزاد اور کے سی وینو گوپال کی بنگلور میں آمد

کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) میں اختلافات ،۔ بحران کی یکسوئی کی کوشش
نئی دہلی ۔ 28مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں حکمراں اتحاد کے حلیفوں کانگریس اور جنتادل ( سیکولر) کے درمیان اختلافات کی اطلاعات کے درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور کرناٹک میں تنظیمی اُزور کے انچارج کے سی وینو گوپال مسائل حل کرنے کیلئے بنگلور پہنچ گئے ۔ کانگریس میں ناراض قائدین کی آوازیں بلند ہونے لگی ہیں ۔ اس کے دو ارکان اسمبلی نے سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا سے آج ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔اس ریاست میں مخلوط حکومت مخدوش ہے اور اپنے قیام کے بعد وقفہ وقفہ سے خاتمہ کے دہانے پر پہنچتی رہی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور جے ڈی ( ایس) اتحاد کو بدترین ہزیمت ہوگی اور یہ دونوں جماعتیں بڑی مشکل سے فی کس ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کرسکی ہیں ۔ کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت 10جون کے بعد معزول ہوجائے گی ۔