غلاف کعبہ تیارکرنے کی 47 سال تک سعادت بافندہ رجب ماہوس الملکی کاانتقال

ریاض ۔ /26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے برسوں سے خدمت انجام دینے والے بافندہ کا 90 سال کی عمر میں پیر کے دن ایک خانگی دواخانہ میں انتقال ہوا۔ رجب ماہوس الملکی نے غلاف کعبہ کسواکی تیاری کیلئے 47 سال تک خدمت انجام دینے کے بعد اسی خدمت کے دوران ان کا انتقال ہوگیا ۔ جب کبھی وہ اپنے دوستوں یا ارکان خاندان سے ملاقات کرتے تو اپنے کام کے بارے میں بات کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے تھے ۔ 2004 ء میں سبکدوشی کے بعد انہوں نے اپنی تمام زندگی غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے صرف کرنے کو باعث اعزاز اور نیک خدمت متصور کرتے تھے ۔ غلاف کعبہ کو مکہ معظمہ میں واقع کعبہ کسوا فیکٹری میں تیار کیا جاتا تھا جہاں پر رجب ماہوس الملکی بحیثیت ٹیلر اور ایمبرائیڈری کام انجام دیتے تھے ان کی نگرانی میں ہزاروں نوجوانوں نے غلاف کعبہ کی تیاری کی تربیت حاصل کی ۔ ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ نہایت ہی خاموش طبع انسان تھے اور ہمیشہ خیر کے کام انجام دینے میں دلچسپی رکھتے تھے ۔ مکہ معظمہ کے قریب ایک چھوٹے سے دیہات میں 1930 ء میں پیدا ہونے والے الملکی نے اپنے پرانے انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ کسوا کی تیاری اپنے ساتھی عبدالرحیم امین بخاری کے ساتھ کی تھی ۔ غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے بہت ہی پاکیزگی کا احترام کیا جاتا تھا ۔ ہم نے تربیت حاصل کرنے والوں کو یہی ہدایت دی تھی کہ وقت پر کام کرنے کی عادت بنائی جائے ۔