غسل کعبہ، محرم تک ملتوی

مکہ معظمہ ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حرمین شریفین کے امور پر اعلیٰ سربراہی ادارہ نے اعلان کیا ہیکہ آئندہ منگل کو مقررہ غسل کعبہ کے مراسم آئندہ اسلامی سال تک ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ مجلس صدارت کے ترجمان احمد المنصوری نے کہا کہ زائرین عمرہ کی کثیر تعداد اور خانہ کعبہ کے شمال میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے رواں پراجکٹس کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے زائر عمرہ کو پرسکون انداز میں مراسم ادا کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ سال میں دو مرتبہ، وسط شعبان اور یکم ؍ محرم کو خانہ کعبہ کا غسل کیا جاتا ہے۔ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ یکم ؍ محرم کو خانہ کعبہ کے روایتی غسل کا اہتمام کیا جائے گا۔ خانہ کعبہ کے متولی صالح الشائیبی نے کہا کہ معتمرین کے تحفظ و سلامتی کیلئے وسط شعبان میں مقررہ غسل کعبہ کے مراسم ملتوی کئے گئے ہیں۔