غزہ ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کیلئے قائم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی اونروا کے ہائی کمشنر نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے پرتشدد حملوں اور علاقے پر اسرائیل کی مسلط کردہ ناکہ بندی کو علاقائی امن کیلئے تباہ کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 مارچ 2018ء کے بعد غزہ میں پیدا ہونے والے حالات کے بارے میں عالمی برادری بے خبر ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اونروا کے سربراہ نے غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو کوئی خبر نہیں کہ 30 مارچ کے بعد غزہ میں کیا کچھ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر شہریوں سے سلوک نہ کرنے سے خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ اونروا کے سربراہ نے کہا کہ غزہ پٹی میں ویسے تو ہر شعبہ زندگی تباہی کا شکار ہے مگر صحت کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہے۔ غزہ کی 70% آبادی پناہ گزینوں پر مشتمل ہے۔ حال ہی میں غزہ کی مشرقی سرحد پر ریالیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں میں بعض پناہ گزین طلباء بھی شامل ہیں۔