غزہ کی ناکہ بندی کی فی الفور برخاستگی پر زور

فلسطینی علاقہ میں بدترین انسانی بحران : انٹونیو گوٹیرس
جبالیہ ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیوگوٹیرس نے اپنے دورہ فلسطین کا آغاز کرتے ہوئے غزہ پٹی کے خلاف عائد پابندیوں کی برخاستگی پر زور دیا۔ یہ علاقہ ان پابندیوں کے سبب ایک طویل عرصہ سے بدترین انسانی بحران سے گذر رہا ہے۔ گوٹیرس نے کہا کہ ’’میں آج غزہ پہنچ کر کافی متاثر ہوا ہوں۔ بدقسمتی سے یہ علاقہ ایک بدترین انسانی بحران سے گذر رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں گذشتہ کئی سال سے انسانی خدمات کی انجام دہی کے دوران میں کئی ڈرامائی انسانی بحران دیکھ چکا ہوں اور غزہ میں بھی ایسا ہی ایک بدترین انسانی بحران دیکھا جارہا ہے‘‘۔ گوٹیرس نے بعدازاں کہا کہ ’’ان پابندیوں کو ختم کیا جانا چاہئے‘‘۔ وہ دراصل غزہ کیخلاف گذشتہ 10 سال سے جاری اسرائیلی پابندیوں اور مصری سرحد کی ناکہ بندی کا حوالہ دے رہے تھے۔ گوٹیرس نے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ادارہ کی طرف سے چلائے جانے والے اسکول کے معائنہ کے بعد خطاب کررہے تھے۔