یروشلم ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) غزہ کے علاقے میں امداد پہنچانے کے لیے ترکی کا بحری جہاز اسرائیل کی بندرگاہ اشدود پہنچا ہے۔ ترکی اور اسرائیل کے تعلقات کی بحالی کے بعد یہ پہلا امدادی جہاز ہے جو اسرائیل پہنچا ہے۔ اتوار کو پہنچنے والی امدادی جہاز 35 گھنٹے کی مسافت طے کر کے اشدود کی بندرگاہ پہنچا۔ جہاز پر 10 ہزار ٹن سے زائد وزن کا امددی سامان موجود ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعلقات بحال کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ اس سے قبل 2010 میں غزہ کے لیے امداد لے جانے والے ترکی کے جہاز فلوٹیلا پر اسرائیل کے حملے کے بعد ترکی اور اسرائیل کے مابین تعلقات میں کشیدگی آئی تھی۔ اس حملے میں اسرائیل نے ترکی کے 10 امدادی کارکنوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اسرائیل اور ترکی نے چھ سال قبل غزہ جانے والے بحری قافلے پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے دس ترک کارکنوں کی ہلاکت کے پیدا ہونے والی کشیدگی کو ختم کر کے اپنے تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔اس معاہدے سے ترکی کو فلسطینی علاقوں میں امداد پہنچانے اور تعمیراتی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔اسرائیل ہلاک ہونے والے سرگرم کارکنوں کے خاندانوں کو 2 کروڑ ڈالر ہرجانہ بھی ادا کرے گا۔