یروشلم ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج کو سابق وزیراعظم ایریل شارون کی صحرائے نیگیف میں تدفین سے قبل سخت چوکسی کے احکام جاری کردیئے گئے۔ امکان ہے کہ تدفین میں ہزاروں افراد بشمول نائب صدر امریکہ جوبیڈن شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں صحرائے نیگیف حماس زیر اقتدار غزہ پٹی کے قریب ہے، پولیس 800 عہدیداروں، سرحدی ملازمین پولیس اور رضاکاروں کو مقام تدفین پر تعینات کرنا چاہتی ہیں کیونکہ یہ غزہ پٹی سے صرف چھ میل کے فاصلہ پر ہے۔ کسی بھی انتہائی ہنگامی حالت کی صورت میں اسرائیلی فضائیہ اور آئرن ڈوم میزائیل دفاعی نظام بھی تعینات کیا جاسکتا ہے ۔
ایک ذریعہ کے بموجب شارون کے ایک قریبی ذریعہ نے یروشلم پوسٹ سے کہا کہ آئرن ڈوم بیاٹریز خاص طور پر تدفین کے موقع پر تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ پٹی کا کوئی بھی جنونی حملہ کی جرات نہیں کرے گا اور اگر کرے گی تو اس کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ آج صبح کی خبر کے بموجب غزہ سے اسرائیل کے کھلے میدانی علاقوں میں دو راکٹ حملے کئے گئے تاہم اس سے کسی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن اسرائیلی فوج کے ذرائع نے اس خبر کی تردید کردی۔ غزہ میں شارون کی موت کی خبر پر لوگ خوشی سے رقص کرنے لگے۔ سڑکوں پر میٹھائیاں تقسیم کرنے لگے اور حماس کے قائدین نے ایک جنگی مجرم کی موت کا خیرمقدم کیا ۔ شارون ایک متنازعہ فوجی قائد تھے، ان کا دور اقتدار انتہائی نشیب و فراز کا سیاسی دور تھا۔